اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف کاکہنا ہے کہ سعودی عرب کے سرمایہ کارایس آئی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاری سے بہترین فائدہ اٹھا سکتے ہیں، حکومت پاکستان سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹیں دور کرے گی۔
وزیر اعظم ہاؤس میں شہباز شریف نے سعودی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں وفاقی وزرا اور پاکستان کی کاروباری برادری نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کارایس آئی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاری سے بہترین فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ حکومت پاکستان سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹیں دور کرے گی۔
ان کاکہنا تھا کہ سعودی معیشت تیزی سےترقی کرنے والے ملکوں میں شامل ہیں۔سعودی عرب نےہرکڑے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔پاک سعودی معاشی تعاون سےدونوں ممالک کے تعلقات کے نئے دور کاآغاز ہوگا۔
رمضان کے آخری ہفتے میں دوسری بار سعودی عرب میں ولی عہد سے ملاقات ہوئی، سعودی عرب کی معیشت بہت تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہے، زراعت، آئی ٹی، ٹیکنالوجی سمیت کئی شعبوں میں سعودی عرب ترقی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ملازمت کے مواقع کے لیے اہم ممالک میں شامل ہے، آج سعودی سرمایہ کار، پالیسی سازوں کا وفد پاکستان آیا ہوا ہے، سعودی عرب پاکستان کا 7 دہائیوں سے ساتھ دے رہا ہے اور اس نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔