اسلام آباد:امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات ہوئی۔ اس اہم ملاقات میں پاکستان کی سیاسی اور معاشی صورتحال ،آئین اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
ملک کے ایوان زیریں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری عمر ایوب سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی ہے۔ امریکی سفیر نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عمر ایوب سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان، پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور پی ٹی آئی کے ترجمان رؤف حسن بھی موجود تھے۔رپورٹ کے مطابق قائد حزب اختلاف اور ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
عمر ایوب نے بتایا کہ آج امریکی سفیر سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے، امریکی سفیر سے آئین و قانون کی بالادستی پر بات ہوئی۔