لاہور: سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو پندرہ روز میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اتھارٹی بنانے کا حکم دے دیا۔
موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی کے قیام کے کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی، جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا سوشل میڈیا کیلئے قانون موجود نہیں لیکن اتھارٹی بنا دی گئی۔۔ جو اتھارٹی بنانی ہے وہ بناتے نہیں جو نہیں بنانی چاہئے وہ بنا دی گئی۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کیلئے بہت بڑارسک اور بنیادی حقوق کا معاملہ ہے، ماحولیاتی تبدیلی کتنی اہم ہے کوئی سمجھ نہیں رہا۔ اتنے سال بعد بھی اتھارٹی قائم ہو سکی نہ فنڈز دیئے گئے۔
دوران سماعت پنجاب ،سندھ ،خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کی جانب سے ماحولیات منصوبہ بندی کے حوالے رپورٹس پیش کی گئیں۔
بعد ازاں سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو پندرہ روز میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اتھارٹی بنانے کا حکم دے دیتے ہوئے کیس کی سماعت تین جون تک ملتوی کردی۔