لاہور : سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی طرف سے مفت آٹا سکیم میں 20 ارب کی کرپشن کے الزامات کے بعد نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مفت آٹا سکیم کے آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ آڈیٹر جنرل اور نجی آڈٹ فرم سے آڈٹ کرایا جائے گا، نیب کو بھی خط لکھ دیا گیا ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پنجاب میں مفت آٹا سکیم کے حوالے سے مسلم لیگ(ن) کے بعض رہنماؤں کی جانب سے بے بنیاد الزامات کی تحقیقات کے لئے شفاف اور غیر جانبدارانہ آڈٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مالیاتی نظم وضبط کو یقینی بنانے کے لئے آڈیٹر جنرل آف پاکستان آفس اور عالمی شہرت کی حامل نجی آڈٹ فرم کے ذریعے بھی مفت آٹا سکیم کا آڈٹ کرایاجائے گا۔
چیئرمین نیب کو بھی درخواست کی گئی ہے کہ مفت آٹا سکیم کی جانچ پڑتال کی جائے تاکہ حقائق کو سامنے لایاجاسکے اور کرپشن کا ارتکاب کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔