لندن ( جانب منزل نیوز) برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم اور ملکہ کمیلا کو عالمی رہنماؤں اور معززین سمیت 2 ہزار سے زائد شرکا سے بھرپور اجتماع کے سامنے تاج پوشی کی شاندار تقریب کے دوران آرچ بشپ آف کینٹربری نے تاریخی سینٹ ایڈورڈ تاج پہنادیا۔
بادشاہ چارلس سے آڑچ بشپ آف کینٹربری نے حلف لیا جبکہ بادشاہ چارلس نے حلف نامے پر دستخط کردیے، جس کے بعد برطانیہ کے وزیراعظم رشی سوناک نے مختصر خطاب کیا۔ بعد ازں، مختلف رسومات جاری رہیں اور شاہ چارلس سوم کو آرملز (بریسلیٹ) پیش کیا گیا۔
شہزادہ ہیری تقریب میں شرکت کے لیے ویسٹ منسٹر ایبے پہنچے جہاں پر شاہی خاندان کے مزید سینئر ارکان اور ان کے کزن اور خالہ اور چچا بھی موجود تھے۔
یہ واضح نہیں تھا کہ آیا بادشاہ چارلس کے چھوٹے بیٹے ہیری اس تاریخی موقع پر شرکت کریں گے یا نہیں، تاہم انہوں نے گزشتہ مہینے کہا تھا کہ وہ اپنی اہلیہ میگھن اور دونوں بچوں کے بغیر تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کریں گے، اُن کے سب سے چھوٹے آرچی بیٹے کی آج سالگرہ بھی ہے۔
شاہ چارلس سوم کو آج ملک میں 7 دہائیوں میں ہونے والی سب سے بڑی تقریب میں تاج پہنایا گیا، جسے دیکھنے کے لیے برطانیہ سمیت دنیا بھر سے ہزاروں لوگ جمع ہوئے۔
شاہ چارلس اپنی والدہ ملکہ الزبتھ کے جانشین ہیں جو گزشتہ برس ستمبر میں 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔
لندن کے ویسٹ منسٹر ایبے میں آج ہونے والی تاج پوشی کی اس تقریب میں شاہ چارلس 14 ویں صدی میں تیار کردہ اس تخت پر بیٹھتے ہوئے 360 سالہ سینٹ ایڈورڈ کا تاج اپنے سر پر رکھنے والے سب سے معمر برطانوی بادشاہ بن گئے۔
ویسٹ مِنسٹر ایبے میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں امریکی خاتون اول جِل بائیڈن سمیت تقریباً 100 سربراہان مملکت اور معززین شرکت کی ۔ سنہ 1066 سے شروع ہونے والے اس سلسلے میں شاہ چارلس چالیسویں شاہی حکمراں ہیں جن کی تاج پوشی ویسٹ منسٹر ایبے میں ہو ئی۔
وزیر اعظم رشی سوناک نے کہا کہ کوئی دوسرا ملک جلوس، محفل، اور گلیوں میں ہونے والی پارٹیوں سے بھرپور اس طرح کی شاندار تقریب منعقد نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہماری تاریخ، ثقافت اور روایات کا فخریہ اظہار ہے، یہ ہمارے ملک کے جدید کردار کا ایک واضح مظاہرہ اور ایک پسندیدہ رسم ہے جس کے ذریعے ایک نئے دور کا آغاز ہوتا ہے۔
تاج پوشی کے بعد شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا 4 ٹن سونے کی بنی ہوئی اسٹیٹ کوچ میں روانہ ہوں گے جو جارج سوئم کے لیے بنایا گیا تھا، وہ 39 ممالک کے 4 ہازر فوجی اہلکاروں کے ایک میل طویل جلوس میں واپس بکنگھم پیلس پہنچیں گے۔
شاہ چارلس کی مرحوم والدہ کی تاجپوشی کے بعد یہ برطانیہ میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی تقریب ہوگی، توقع ہے کہ ہزاروں لوگ سڑکوں پر کھڑے ہوں گے اور دنیا بھر سے لاکھوں لوگ اسے دیکھیں گے۔
تقریبات کے آغاز پر شاہ چارلس اور ملکہ کیملا جدید ڈائمنڈ اسٹیٹ جوبلی کوچ میں بکنگھم پیلس سے ویسٹ منسٹر ایبے تک جائیں گے۔ اس موقع پر 11 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تقریب میں کسی قسم کا خلل پیدا کرنے کی کوشش کو روکنے کے لیے ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔
بکنگھم پیلس میں واپسی کے بعد شاہی خاندان بالکونی میں آئے گا، اس موقع پر برطانوی فوج کے ہوائی جہاز اطراف میں فضائی سلامی دیں گے تاہم خراب موسم کے پیش نظر فلائی پاسٹ منسوخ ہونے کا امکان ہے۔