کراچی : پانچ میچز کی سیریز میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو مسلسل چوتھے ون ڈے میں شکست دے کر بین الاقوامی ون ڈے کرکٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ اس سیریز کا پانچواں میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا اور انڈیا سے آگے نکل جائے گا۔کپتان بابر اعظم بھی ون ڈے میں بلے بازوں میں پہلے نمبر پر ہیں۔
پاکستان، آسٹریلیا اور انڈیا 113 پوائنٹ کے ساتھ ایک قطار میں ہیں مگر پاکستان کو بہتر اوسط حاصل ہونے کی وجہ سے پہلی بار آئی سی سی کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل ہو گئی ہے۔
اب پاکستان کو مزید ایک میچ میں فتح کی صورت میں 115 پوائنٹس کے ساتھ انڈیا اور آسٹریلیا پر مزید سبقت حاصل ہو جائے گی۔ اگر پاکستان نیوزی لینڈ سے آخری ون ڈے میچ ہار جاتا ہے تو پھر اس صورت میں پاکستان 112 پوائنٹ کے ساتھ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر چلا جائے گا۔
میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 334 رنز بنائے جبکہ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 43.4 اوورز میں صرف 232 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ یوں پاکستان نے یہ میچ 102 رنز سے اپنے نام کیا۔
میچ کی خاص بات پاکستان کے کپتان بابراعظم کی 18 ویں سنچری تھی، جنھوں نے 117 گیندوں پر 107 رنز بنائے۔ بابراعظم نے تیز ترین 5000 رنز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ہے۔
پاکستان کی طرف سے آغا سلمان 58 اور شان مسعود نے 44 رنز بنا سکے جبکہ افتخار احمد نے 28 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے 60 جبکہ مارک چیپمین نے 46 رنز بنائے۔ کیویز کی طرف سے ڈیرل مچل 34 ، ٹام بلینڈل 23، ویل ینگ 15 اور جیمز نیشم 11 رنز بنا سکے۔
نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری نے پاکستان کے تین کھلاڑیوں کو پویلین کا رستہ دکھایا جبکہ بین لسٹر اور اش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی طرف سے اسامہ میر نے چار، محمد وسیم نے تین، حارث رؤف نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔