کورونا کی بدترین شکل ۔۔۔ بل گیٹس نے دنیا کو خبردار کر دیا

11:50 PM, 6 May, 2022

واشنگٹن:مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں لوگ کورونا وائرس کے ساتھ زندگی گزارنے سے تھک چکے ہیں مگر ابھی بھی مشکل دنوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران بل گیٹس نے خبردار کیا کہ دنیا کو ابھی بھی کورونا کی وبا کے بدترین اثرات کا سامنا ہوسکتا ہے، یہ خطرہ ابھی باقی ہے کہ کورونا کی ایک ایسی نئی قسم سامنے آجائے جو زیادہ متعدی اور زیادہ جان لیوا ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو ڈرانا نہیں چاہتے مگر ابھی بھی یہ خطرہ 5 فیصد سے زیادہ ہے کہ کورونا کی وبا اتنی بدترین ہوجائے جو ابھی تک ہم نے نہیں دیکھی۔

بل گیٹس نے کہا کہ دنیا کو ایک اور وبا کے لیے گلوبل ایپیڈیمک ریسپانس اینڈ موبلائزیشن اینشیٹیو (جی ای آر ایم) کے ذریعے تیار ہونا چاہیے جس کا انتظام عالمی ادارہ صحت سنبھالے۔

انہوں نے تجویز دی کہ جی ای آر ایم میں وبائی امراض سے لے کر کمپیوٹر ماڈیولر ماہرین کو شامل کیا جائے جو عالمی سطح پر طبی خطرات کو شناخت اور ممالک کے درمیان رابطہ کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ دنیا بھر کے ممالک اگر واقعی مستقبل کی وبائوں کو روکنا چاہتے ہیں تو ان کو اس حوالے سے زیادہ سرمایہ لگانا چاہیے۔

مزیدخبریں