اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف علیم خان گروپ کے سربراہ علیم خان نے عمران خان کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ عزت سے میرا نام لیں میں بھی آپ کا عزت سے نام لوں گا۔ جھوٹ مت بولیں ۔الزام لگائیں گے تو میں بھی چپ نہیں رہوں گا۔
عمران خان کے سابق قریبی ساتھی علیم خان کا کہنا تھا کہ آپ کے پاس جو کچھ ہے بتا دیں، ہم بھی حقائق بتائیں گے۔ عمران خان نے مجھ پر 300 ایکڑ زمین لیگل کروانے کا الزام عائد کیا، یہ الزام جھوٹ ہے، حقائق کو مسخ کیا گیا۔
علیم خان کا کہنا تھا کہ میرے پاس 300 ایکڑ نہیں 3 ہزار ایکڑ ہے ۔ میں نے زمین ایکوائر نہیں کرائی بلکہ زمینداروں سے خریدی ہے۔تحریک انصاف کے ہر مشکل وقت میں کیا میں اس لیے کھڑا تھا کہ تین سو ایکٹر زمین کا سٹیٹس تبدیل کروانا تھا۔اگر میرے بارے میں غلط الزام لگائیں گے تو چپ میں بھی نہیں رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ منہ کھلوانا چاہتے ہیں تو کسی چینل پر میں آپ اور جہانگیر ترین بیٹھیں پھرسب سچ بولیں۔ہم مصلحت کے تحت خاموش ہیں ،سیاست کریں لوگوں کو ورغلائیں جھوٹ بولیں لیکن میں سچ بولوں گا۔
علیم خان کا کہنا تھا کہ میں امریکی اور یورپین سفیر کو عمران خان کے گھر ملا تھا ،برطانوی سفیر کو اگرآپ حکومت میں آنے سے پہلے مل سکتے ہیں تو حکومت میں کیوں نہیں ۔ علیم خان نے اہم ڈویلپر کے ساتھ فرح خان کے تعلقات بارے تحقیقات کا بھی مطالبہ کردیا ۔