لاہور:عمران خان کی طرف سے جہانگیر ترین گروپ پر الزامات کے بعد ترین گروپ نے بھی عمران خان کو بے نقاب کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کے ترین گروپ پر الزامات کے بعد جہانگیر ترین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بھی عمران خان کو بے نقاب کریں ،اس سلسلے میں جہانگیر ترین نے آئندہ ہفتے مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے ۔
راجہ ریاض کا کہنا ہے اجلاس میں سیاسی فیصلے ،آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ہو گا ،رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کا کہنا ہے جہانگیر ترین کی صحت بہتر ہے ،اگلے ہفتے سیاسی سرگرمیاں شروع کریں گے، ترین گروپ سیاست میں فعال کردار ادا کررہا ہے۔
واضح رہے اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رہنما جہانگیر خان ترین نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر ٖغور شروع کر دیاہے ۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ناراض رہنما جہانگیر ترین آئندہ ہفتے تک مسلم لیگ (ن) میں باضابطہ طور پر شامل ہونے کا اعلان کریں گے جبکہ حمزہ شہباز کو پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے طور پر ووٹ دینے والے ترین گروپ کے دیگر رہنماؤں کا بھی ن لیگ میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ ملتان سے رکن صوبائی اسمبلی سلمان نعیم کا بھی ن لیگ میں شمولیت کا امکان ہے۔
تاہم جہانگیر خان ترین کے میڈیا ایڈوائزر برائے جنوبی پنجاب غضنفر ریحان نے جہانگیر ترین کی ن لیگ میں شمولیت کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔