عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 111 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی

02:19 PM, 6 May, 2022

نیوویب ڈیسک

لندن: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 111 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئیں.

غیر ملکی میڈیا کے مطابق  یورپی یونین کے روس سے خام تیل کی خریداری بند کرنے کے اعلان کے بعد  عالمی منڈی میں تیل کے بھاؤ بڑھنا شروع ہو ئے ہیں، یورپ اپنی ضرورت کا 30 فیصد خام تیل روس سے خریدتا ہے۔ روس سے تیل کی خریداری بند ہونے کی اطلاعات پر عالمی مارکیٹ میں خام تیل مسلسل مہنگا ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل یورپی یونین نے یوکرین جنگ کے باعث روس پر عائد کی گئی پابندیوں کے چھٹے مرحلے میں روس سے تیل کی تمام خریداری روکنے کا اعلان کیا ہے۔  پابندی کے تحت پائپ لائنوں اور دیگر تمام ذرائع سے آنے والے خام تیل، ریفائن آئل اور اس کی دیگر مصنوعات کی خریداری کو مرحلہ وار روک دیا جائے گا۔ 

یورپی کمیشن کی صدر ارسلا ووندرلین کے مطابق تیل کی خریداری روکنے پر 6 ماہ میں عملدرآمد مکمل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کچھ ممبر ریاستوں کی معیشت کا بہت بڑا انحصار روس سے تیل کی خریداری پر ہے لیکن یوکرین پر جارحیت کے جواب میں روس کو روکنا ضروری ہے۔ اس موقع پر انہوں نے روس کے کئی بینکوں پر رقوم بھیجنے کے سوئفٹ نظام، اس کے اعلیٰ فوجی حکام اور تین ریاستی ٹی وی چینلز کی یورپین یونین میں نشریات پر پابندی کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ہم جارح روسی صدر کی پروپیگنڈہ مشینری کو اپنی سرزمین پر پھیلنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔

مزیدخبریں