لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی نے شہباز گل کو ٹیلیفون کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے قائدین نے کہا کہ شہباز گل کی گاڑی کو پیچھے سے ٹکر لگنا باعث تشویش ہے تاہم اللہ کا شکر ہے کہ وہ اس واقعے میں محفوظ رہے، حکومت اس واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کرے۔
واضح رہے کہ شہباز گل گزشتہ روز بذریعہ موٹروے لاہور سے اسلام آباد جا رہے تھے کہ ایک گاڑی نے پیچھے سے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری تو ان کی گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے جس پر موٹروے پولیس نے انہیں طبی امداد فراہم کی۔
بعد ازاں شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں اس واقعے کو خود پر قاتلانہ حملہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ اپنے مولا اور قوم کی دعاﺅں کی وجہ سے زندہ ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میری گاڑی کا پیچھا کر کے جان بوجھ کر ہٹ کیا گیا، یہ ایک منصوبے کے تحت کیا گیا، میں نے کل ہی کہا تھا کہ کیا زیادہ سے زیادہ آپ ہمیں قتل کروا دیں گے؟ کروالیں، غداری نہیں کروں گا، عمران خان کیساتھ کھڑا رہوں گا۔
یاد رہے کہ حافظ آباد موٹروے ایم ٹو پر پی ٹی آئی کے رہنماءشہباز گل کی گاڑی کو ٹکر مارنے کے الزام میں مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ شہباز گل کو جان سے مارنے کی نیت سے گاڑی کو ٹکر ماری گئی۔
پرویز الٰہی، مونس الٰہی کا شہباز گل کو ٹیلی فون، خیریت دریافت کی
01:15 PM, 6 May, 2022