نئی دہلی: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سربراہ سارو گنگولی نے بھارت میں کورونا کیسز کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کروانے کے فیصلے کو درست قرار دیدیا جن کا کہنا ہے کہ وائرس کے حد سے زیادہ پھیلاؤ کے باعث ٹورنامنٹ ملتوی کیا۔
تفصیلات کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ بھارت میں کورونا وباءکے خوفناک پھیلاؤ کے باوجود پی ایل کروانا ایک غلطی نہیں ہے؟ تو ان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے ایونٹ کروانے کا فیصلہ کیا تب کیسز اتنے زیادہ نہیں تھے، ہم نے تو اس سے قبل انگلینڈ کا بھی کامیاب دورہ کروایا تھا۔
خیال رہے کہ دنیا کی سب سے مہنگی کرکٹ لیگ ایسے موقع پر ملتوی کرنا پڑی جب بھارت میں کورونا مریضوں کی یومیہ تعداد 4 لاکھ جبکہ اموات 4 ہزار تک پہنچ گئیں جبکہ ٹورنامٹ میں شامل کھلاڑیوں اور سٹاف ممبران سمیت 10 افراد بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔
بائیو سیکیور ببل کیسے ٹوٹا؟ اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا کافی مشکل ہے کہ بائیو سیکیور ببل میں کورونا وائرس کیسے داخل ہو گیا کیونکہ پیشہ ور لوگ بائیو ببل کو دیکھ رہے تھے، تاہم دنیا میں کوئی بھی کھیل وبا سے محفوظ نہیں ہے، ویسے بھی کورونا وباءکے دوران ہی انگلینڈ میں انگلش پریمیر لیگ بھی جاری ہے۔