کراچی: سندھ حکومت نے کورونا وبا کے باوجود جمعے اور ہفتے کے روز بھی کاروبار کھلے رکھنے کا اعلان کردیا ہے اور تاجر ایس او پیز پر عملدرآمد کیساتھ کاروبار کر سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں جمعہ اورہفتہ صبح 6سے شام 6 تک تمام کاروبار کھلا رہے گا اور دونوں دن تاجر ایس او پیز کے ساتھ کاروبار کرسکتے ہیں۔ ناصر شاہ نے کہا کہ اتوار سے کاروبار بند ہوگا، جس کا ہدایت نامہ جاری کیا جائے گا، امید ہے کہ عوام اورتاجر ایس او پیز کا خیال رکھیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت نے جمعہ اور اتوار کاروبار بند رکھنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا تاہم عید قریب ہونے کی وجہ سے کل یعنی جمعے کو کاروبار کھلا رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے جس پر تاجر برداری کی جانب سے بھی خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب صوبہ پنجاب میں 8 مئی بروز ہفتہ سے مکمل لاک ڈاﺅن کا اعلان کیا جا چکا ہے جس کے تحت ہر طرح کے کاروبار بند رہیں گے جبکہ اسی روز سے انٹرسٹی، انٹراسٹی اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا تھا تاہم پنجاب حکومت نے اس میں مزید دو روز کا اضافہ کر دیا ہے۔
سندھ حکومت کا جمعے اور ہفتے کو بھی کاروبار کھلے رکھنے کا اعلان
10:54 PM, 6 May, 2021