وزیراعظم مشکل اور کٹھن حالات میں کام کرنے والے سفیروں کی تضحیک نہ کریں: شہباز شریف

وزیراعظم مشکل اور کٹھن حالات میں کام کرنے والے سفیروں کی تضحیک نہ کریں: شہباز شریف
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم مشکل اور کٹھن حالات میں کام کرنے والے سفیروں کی تضحیک نہ کریں۔ 
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی سفیروں کے خلاف زہریلی گفتگو بلاجواز اور غیرضروری تھی اور بے احتیاطی پر مبنی یہ گفتگو سن کر بہت دکھ ہوا، وزیراعظم مشکل اور کٹھن حالات میں کام کرنے والے سفیروں کی تضحیک نہ کریں۔ 
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے سفارت کار مشکل حالات میں کٹھن چیلنجز کے تحت کام کر رہے ہیں، وزیراعظم کو سفیروں کی بہادرانہ کوششوں میں حوصلہ افزائی کرنی چاہیے نہ کہ ان کی تضحیک کریں۔ 
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کی کارکردگی اور کام کی مانیٹرنگ کیلئے وزارت خارجہ میں سیل قائم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سفیروں سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ سفارتخانوں کاکام اپنے شہریوں کوسروس دیناہے، پاکستانیوں سے سفارتکاروں کی لاتعلقی کارویہ ناقابل قبول ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتخانے جس طرح چل رہے ہیں اس طرح نہیں چل سکتے، سفارتخانوں کا نوآبادیاتی دور والا رویہ ناقابل قبول ہے، جو سفیر اچھا کام کریں گے ان کی تعریف کریں گے جبکہ غلط کام کرنے والے سفیروں کیخلاف کارروائی ہو گی۔ 
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے میں پچھلے کئی سالوں میں کچھ پریشان کن صورتحال پیدا ہوئی ہے اور پاکستانی سفارتخانے کے بارے میں شکایات موصول ہوئی ہیں، سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات کے سفارتخانوں سے متعلق زیادہ شکایات آئی ہیں اور سعودی سفارتخانے سے متعلق شکایات پر ہائی لیول انکوائری ہو رہی ہے۔