کراچی: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر ووٹوں کی دوبارہ گنتی رکوانے کی درخواست کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل کی جانب سے چیف الیکشن کمشنرکو لکھے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسر جو ووٹوں کے تھیلے لائے ان میں سے بیشتر پر سیل نہیں لگی تھی جبکہ زیادہ تر امیدواروں نے دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے حلقہ این اے 249 میں گزشتہ دنوں ہونے والے ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری ہے تاہم پیپلز پارٹی کے علاوہ تمام جماعتوں نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے عمل کا بائیکاٹ کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ جو پولنگ بیگ لائے گئے ان پر سیل نہیں لگی ہوئی۔
امیدواروں کا کہنا ہے کہ وہ بیگ کھلے ہوئے تھے جس کی وجہ سے دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کر رہے ہیں اور امیدواروں نے دوسرا اعتراض یہ کیا ہے کہ انہیں فارم 45 اور 46 مہیا نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 29 اپریل کو این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل کامیاب ہوئے تھے اور مفتاح اسماعیل دوسرے نمبر پر رہے تھے جبکہ دونوں کے ووٹوں میں 683 ووٹوں کا فرق ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنماءمفتاح اسماعیل نے الیکشن کمیشن سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے پورے حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے۔
مفتاح اسماعیل نے این اے 249 میں دوبارہ گنتی رکوانے کی درخواست کر دی
05:55 PM, 6 May, 2021