کراچی: عامر لیاقت کی مبینہ تیسری بیوی ہانیہ خان کے والد نے اپنی بیٹی اور عامر لیاقت کے نکاح کی تردید کردی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن عامر لیاقت حسین نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ہانیہ خان نامی اداکارہ کے ساتھ تیسری شادی کے حوالے سے ویڈیوز اور ایک وضاحتی پیغام جاری کیا ہے۔ ایک ویڈیو میں ایک شخص عامر لیاقت کے گلے لگا ہوا ہے۔ عامر لیاقت کا کہنا ہے کہ یہ ہانیہ خان کے والد ہیں اور انہوں نے ان سے معافی مانگی ہے۔
View this post on Instagram
دوسری ویڈیو میں ہانیہ خان کے والد نے اپنے پیغام میں بیٹی اور عامر لیاقت کے مبینہ تیسرے نکاح کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میری بیٹی اور عامر لیاقت کا کوئی نکاح نہیں ہوا۔ ہمارے گھر عامر لیاقت آئے تھے اور انہوں نے ہماری مدد کی تھی اور واپس چلے گئے تھے۔
ہانیہ کے والد نے کہا میری بیٹی ڈپریشن کا شکار ہے وہ کراچی آئی تھی اور میں اسے واپس اپنے ساتھ لے کر جارہا ہوں۔ انہوں نے تمام لوگوں سے گزارش کی کہ کوئی بھی ایسی بات نہ کرے جس سے عامر لیاقت کے نام پر حرف آئے۔ میری بیٹی نے جو بھی عامر لیاقت کے ساتھ کیا اس کی طرف سے میں عامر لیاقت سے معذرت چاہتا ہوں۔ کوئی نکاح نہیں ہوا کیونکہ اگر نکاح ہوا ہوتا تو ماں باپ کو تو پتہ ہوتا۔
View this post on Instagram
اس ویڈیو کے ساتھ عامر لیاقت نے ایک لمبا چوڑا پیغام بھی لکھا ہے جس میں انہوں نے ہانیہ خان کو مخبوط الحواس، ذہنی بیمار اور تصورات میں گھری رہنے والی لڑکی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان الزامات کی وجہ سے ان کا خاندانی نظام دہل کر گیا۔
عامر لیاقت نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہاں میرا قصور یہ تھا کہ میں نے ان کے گھر کی مدد کی جس طرح 921 خاندانوں کی گزشتہ کئی برسوں سے مدد ہورہی ہے، باپ نے کہا میری بیٹی نیم پاگل ہے آپ اس کی باتوں کا برا نہ مانیے گا ہمارے لیے تو اعزاز ہے کہ آپ ایک ٹیکسی ڈرائیور کے گھر مدد کرنے کو آگئے اور پھر مجھ پر کہرام ٹوٹ پڑا باپ کےکہنے پر اسے دلاسے دیے کہ اچھا تم نے اگر تصورات میں کوئی چیز سوچ لی ہے تو وہ ذہن سے نکال دو یہ ممکن نہیں لیکن پہلے اس نے تصور میں نکاح کیا پھر خود ہی میڈیا میں رہنے کے سبب گواہ گھڑ لیے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل ہانیہ خان نامی خاتون جو خود کو اداکارہ اور ماڈل بتاتی ہے نے دعویٰ کیاتھا کہ وہ عامر لیاقت کی تیسری بیوی ہے۔