وزیراعظم سے ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات ،قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

06:19 PM, 6 May, 2020

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ملاقات کی ہے جس میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ 15 اپریل کو وزیراعظم اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔ وزیراعظم عمران خان کے آفیشل فیس بک پیج کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں اہم قومی سلامتی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

بعد ازاں 23 اپریل کو وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا جہاں انھیں ملکی سلامتی کے امور اور کورونا وبا کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے وزیراعظم اور آرمی چیف کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کو خارجی اور داخلی محاذ پر درپیش چیلنجوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزرا اور مشیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے آئی ایس آئی کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ ملکی سلامتی، سالمیت اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے وزیراعظم عمران خان سے جون 2019ء میں ڈی جی آئی ایس آئی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بھی ملاقات کی تھی۔

مزیدخبریں