صوبوں میں یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے پر اتفاق نہ ہوسکا

05:06 PM, 6 May, 2020

اسلام آباد:  کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر صوبوں میں یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے پر اتفاق نہیں ہو سکا ہے۔ پنجاب، بلوچستان اور سندھ نے یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کی مخالفت جبکہ خیبر پختونخوا نے حمایت کی۔


وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے زیر صدارت کانفرنس میں پنجاب، بلوچستان اور سندھ نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے۔ یکم جون کے بعد بھی تمام تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں۔

تاہم خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم نے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تعلیم کا حرج ہو رہا ہے۔ یکم جون سے تعلیمی ادارے کھلنے چاہیں۔ صوبوں میں سکولز کھولنے پر اتفاق نہ ہوا جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ معاملہ قومی رابطہ کمیٹی کے جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں زیر غور لایا جائے گا۔

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں صوبائی وزرا نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔  اجلاس میں پنجاب کے تعلیمی اداروں کی تعطیلات جون کے آخری تک بڑھانے جبکہ امتحانات منعقد کرنے کے حوالے سے بھی تجویز دی گئی۔

اجلاس کو تجویز دی گئی کہ جون میں  لاک ڈاؤن ختم کیا جاتا ہے تو 9ویں اور انٹر کے امتحانات کرائے جا سکتے ہیں جبکہ جولائی تک لاک ڈاؤن رہا تو تین جماعتوں کے امتحانات منعقد کرنا مشکل ہونگے۔

مزیدخبریں