لاہور: ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کا سوئچ آن، سورج اپنی آب وتاب کے ساتھ آگ برسانے لگا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز میں گرمی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔
کراچی میں گرمی کی لہر برقرار ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آج نوابشاہ میں پارہ 47 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے جیکب آباد، سکرنڈ اور موہنجوداڑو میں 46 جبکہ حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، تربت، لسبیلہ سمیت دیگر علاقوں میں درجہ حرارت 44 ڈگری تک جانے کی پیش گوئی کی ہے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں بھی گرمی اپنے جوبن پر، جنوبی پنجاب میں سخت گرمی سے شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، لاہور، فیصل آباد 41، ملتان 42 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں گرمی کی شدت میں اضافہ، تربت، لسبیلہ اور سبی میں پارہ 44 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں موسم خشک اور گرم، پشاور میں درجہ حرارت 39 جبکہ ڈی آئی خان 42 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔