لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ نواز شریف نااہل ہو چکے ہیں اور ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے۔نواز شریف کی باتوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے کیونکہ الیکشن اور جرم دو الگ الگ چیزیں ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر تو کرمنل چارجز ہیں اور اسمبلی کا کام کرمنل چارجز پر رائے دینا نہیں ہوتا، یہ بار بار کہتے ہیں کہ ووٹ کو تقدس دو لیکن ووٹ کا ہرگز مطلب یہ نہیں ہوتا کہ آپ کو دنیا جہاں کی برائی کا لائسنس مل گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے نزدیک ترقی کا مقصد صرف سڑکیں ہیں اور یہ بڑے پراجیکٹ اس لیے لگاتے ہیں تاکہ پیسہ بنائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو تعلیم، صحت اور صاف پانی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ بیرون ملک جائیدادوں کے بارے میں ان لوگوں نے آج تک وضاحت نہیں دی، ان کے سارے کاروبار فیل ہیں اور اربوں روپے کے مالک کیسے بن گئے۔شفقت محمود نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بارہا ان سے پوچھا کہ اپنے فلیٹس کے ثبوت پیش کریں لیکن یہ لوگ ایک ثبوت بھی نہ پیش پیش کر سکے۔انہوں نے کہا کہ سال سے تو لوگ انہیں دیکھ رہے ہیں اور جن لوگوں نے 30 سال میں کچھ نہیں کیا وہ آئندہ کیا کریں گے، یہ صرف عوام کو دھوکا دے رہے ہیں۔
نواز شریف کی باتوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے ، شفقت محمود
06:50 PM, 6 May, 2018