نیویارک: ٹیکنالوجی کے اس دور میں جہاں موبائل فون کا استعمال بڑھتا جا رہا ہے تو وہی ماہرین کی ایک پریشان کر دینے والی تحقیق بھی سامنے آگئی ہے۔ امریکا میں ہونے والی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اگر کوئی بچہ دن بھر میں آدھا گھنٹہ اسمارٹ فون پر گزارتا ہے تو اس عادت سے دیر سے بولنے کا خطرہ 50 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
یہ تحقیق سان فرانسسکو میں پیڈیا ٹرک اکیڈمک سوسائٹیز کے سالانہ اجلاس کے دوران پیش کی گئی۔اس تحقیق میں چھ ماہ سے دو سال کی عمر کے 894 بچوں کا تین سال تک جائزہ لیا گیا۔جس سے معلوم ہوا کہ جو بچے اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارتے ہیں، وہ اتنی ہی تاخیر سے بولنا شروع کرتے ہیں اور ان کے لیے بامعنی الفاظ کے ذریعے جذبات کا اظہار کرنا مشکل ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق آنکھوں کی توجہ اندر کی جانب ہونے کی وجہ سے یہ عارضہ لاحق ہوتا ہے اور یہ رجحان تشویشناک حد تک بڑھ چکا ہے۔کیلیفورنیا کے ہاسپٹل فار سیک چلڈرن کی تحقیق کے مطابق اگرچہ بچوں میں اسکرین کے استعمال کے وقت کے حوالے سے گائیڈ لائنز موجود ہیں مگر بچوں میں ان کا استعمال عام ہوتا جارہا ہے۔