اسلام آباد:پاکستان نے کہا ہے کہ اگر امریکہ اپنے چھوڑے گئے ہتھیار افغانستان سے واپس لے لیتا ہے تو اس سے خطے میں امن قائم ہو سکتا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ افغانستان میں موجود امریکی ہتھیار خطے میں امن کے لیے ایک سنگین مسئلہ بن چکے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے، لیکن افغان سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ پاکستان نے بار بار افغان حکومت سے اس معاملے پر توجہ دینے کی درخواست کی ہے۔
انہوں نے طورخم بارڈر پر افغان فورسز کی جانب سے متنازعہ علاقے میں چوکیاں بنانے کے عمل کی مذمت کی اور کہا کہ اس وجہ سے بارڈر بند ہوا ہے۔ پاکستان نے افغان عبوری حکومت سے اس مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان نے افغانستان کی طرف سے داعش کے کیمپوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان الزامات کا کوئی حقیقت سے تعلق نہیں۔ مزید برآں، پاکستان نے امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دی اور دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی کے حوالے سے جاری تعاون پر بات کی۔