فارم 45 اور 47 ویب سائٹ پر اپلوڈ نہ کرنے پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب

10:55 AM, 6 Mar, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتخابات کے بعد 14 دنوں میں فارم 45 اور 47 ویب سائٹ پر اپلوڈ نہ کرنے پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔ 

انتخابات کے بعد 14 دنوں میں فارم 45 اور 47 ویب سائٹ پر اپلوڈ نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کے خلاف ایم ڈبلیو ایم کی درخواست پر اسلام اابد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو نوٹسسز جاری کرکے جواب طلب کرلیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی  متحدہ وحدت المسلمین کی جانب سے وکیل ایمان زینب مزاری عدالت  میں پیش ہوئیں۔ درخواست گزار و سربراہ ایم ڈبلیو ایم راجہ علامہ ناصر عباسبھی عدالت مین پیش ہوئے۔

ایمان مزاری ایڈوکیٹ نے موقف اپنایا کہ الیکشن ایکٹ کے مطابق 14 دنوں میں انتخابی نتائج کے فارمز ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنے ہوتے ہیں، الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق صرف فارمز نہیں بلکہ تمام متعلقہ دستاویزات کو اپلوڈ کرنا ہوتا ہے۔8 فروری کو انتخابات ہونے مگر ابھی تک متعلقہ دستاویزات اپلوڈ نہیں کئیے گئے،الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز کسی حد تک فارم 45 اپلوڈ کئیے اور پھر ہٹا دئیے۔

بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹسسز جاری کرکتے ہوئے آئندہ ہفتے سماعت تک جواب طلب کر لیا۔

مزیدخبریں