اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کل ہتھے چڑھ جاتا تو انہیں مچھ جیل کے مرچی وارڈ میں منتقل کردیتا ۔ عمران خان پر توشہ خانہ ، فارن فنڈنگ اور ٹیرن وائٹ اہم کیسز ہیں۔ ان میں پیشی سے بچنے کیلئے انہوں نے 5 ماہ سے ٹانگ پر پلستر لگا کر رکھا۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نیب ٹیم نے ضابطے کی کارروائی کی ہے اور سب کچھ لکھا ہوا ہے۔ عمران خان یا تو پیش ہوں گے یا پھر پیش کردیے جائیں گے۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر عمران خان کے خلاف مختلف شہروں میں مقدمات درج ہوئے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عدالت عمران خان کو بری کرتی ہے تو ہمیں فیصلہ قبول ہوگا۔ وہ عدالت میں پیش ہوجائیں تو بہتر ہے۔ پیمرا کی طرف سے عمران خان پر پابندی کا فیصلہ درست ہے۔ ثاقب نثار اور فیض حمید اب بھی عمران خان کیلئے لابنگ کر رہے ہیں۔