اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آج عمران صاحب نے کنٹینر والی گندگی پھیلائی ۔ تحریک عدم اعتماد کے جھاڑو سے ہر قسم کی گندگی صاف کریں گے ۔ عمران صاحب عدم اعتماد انشاءاللہ کامیاب ہو گی آپ سوچیں اُس کے بعد کیا کرنا ہے ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی بیٹیوں کو ہتھکڑیاں لگائیں ، جیلوں میں ڈالا اور صحافیوں کو گولیاں ماریں اور کیا کریں گے ؟ معیشت تباہ ، ملک کنگال اور عوام کو غریب اور بے روزگار کر دیا بس اب بس۔
انہوں نے کہا کہ 350 غیرملکی کمپنیوں سے غیرقانونی پیسے لے کر جیب میں ڈال لئے اور قوم کو جھکنے نہیں دوں گا؟ واہ عمران صاحب واہ ۔ ساری دنیا میں پاکستان کو بھکاری بنادیا اور قوم کو جھکنے نہیں دوں گا؟ عمران صاحب آپ کو ڈاکو سٹیٹ بینک کے مصدقہ ریکارڈ نے ثابت کیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ تقریر ثبوت ہے کہ عمران صاحب گھبرا گئے ہیں، عمران صاحب بس آپ نے گھبرانا نہیں۔قوم کو مبارک ہو، عمران صاحب کی تقریر ثبوت ہے کہ تحریک عدم اعتماد آ نہیں رہی، کامیاب ہو چکی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کے پیسے قومی خزانے میں آجائیں تو قوم کو آٹا، چینی، بجلی گیس دوائی، پٹرول فری ملنے لگیں گے ۔