کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز میں ہر گزرتے دن کیساتھ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور معروف پاکستانی اداکارہ یشما گل بھی کسی کی مدد کرتے اس کا شکار بن گئیں۔
اداکارہ یشما گل نے انٹرنیٹ پر ویڈیو کے ذریعے اپنے ساتھ پیش آنیوالے ناخوشگوار واقعے کی تفصیلات بتائیں ۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ گاڑی میں سفر کر رہی تھیں جب سڑک پر ایک موٹر سائیکل سوار کو ٹریفک حادثے میں شدید زخمی دیکھا تو مدد کیلئے وہاں رک گئی تاکہ زخمی موٹر سائیکل سوار کو اسپتال پہنچانے میں مدد فراہم کر سکوں۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ مدد کے لیے کار سے باہر نکلیں تو اپنا فون کار کی سیٹ پر چھوڑ دیا لیکن جب وہ متاثرہ موٹر سائیکل سوار کو اسپتال تک پہنچانے کے بعد اپنی گاڑی میں واپس آئیں تو فون موجود نہیں تھا اور چوری ہو چکا تھا۔
اداکارہ یشما گل نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم بحیثیت معاشرہ کس طرف جارہے ہیں جبکہ دیگر سوشل میڈیا صارفین نے بھی واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور معاشرے میں ہمدردی اور امن و امان کے فقدان کی نشاندہی کی۔