بنکاک: تھائی لینڈ پولیس نے دنیائے کرکٹ کے عظیم لیگ سپنر شین وارن کی موت کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے مایہ ناز لیگ سپنر شین وارن چھٹیاں گزارنے کیلئے تھائی لینڈ کے علاقے کوہ سمائی میں قائم اپنے ’ویلا‘ میں موجود تھے جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا تھا۔
غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق تھائی لینڈ پولیس کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹر شین وارن کی موت کو مشکوک نہیں سمجھ رہے تاہم وجوہات جاننے کیلئے معاملے کی مکمل تحقیقات کرنا چاہتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فرانزک ٹیم شین وارن کے قریبی دوستوں اور اہل خانہ کے بیان ریکارڈ کرے گی اور اس حوالے سے دیگر پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔