وزیرِاعظم نے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا، اسپیکر نے صدر کو باضابطہ آگاہ کر دیا

10:53 PM, 6 Mar, 2021

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بارے میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے نام خط میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا ہے۔

اسپیکر کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کو قومی اسمبلی کی اکثریت کا اعتماد حاصل ہے اور وزیرِ اعظم کو 178 ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ اسپیکر کے خط کے مطابق وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ آئین کے آرٹیکل 91 کی شق 7 کے تحت حاصل کیا ہے۔

خیال رہے کہ سینیٹ الیکشن میں حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے شکست دے دی تھی جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا اعلان کیا تھا۔ 

دوسری جانب علی حیدر گیلانی کی ویڈیو میں موجود چار کرداروں نے وزیر اعظم سے سے قومی اسمبلی میں ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ان ارکان میں عطاء اللہ، اسلم خان، جمیل احمد اور فہیم خان شامل تھے۔ 

وزیر اعظم عمران خان نے چاروں ارکان کی پارٹی کے لیے خدمات کو سراہا اور کہا  کہ آپ نے بدعنوان عناصر کو بے نقاب کیا، آپ کی یہ قربانی پارٹی ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ویڈیو دیکھنے کے بعد پی ٹی آئی کے بیانیے کو تقویت ملتی ہے کہ یہ کرپٹ ہیں ، یہ لوگ ہر چیز کو پیسے سے تولتے ہیں،سینیٹ کی نشست ہارنے کی بڑی وجہ بھی پیسے کا استعمال ہے۔

مزیدخبریں