اسلام آباد: سینیٹ انتخابات میں مختلف حکومتی ارکان بشمول وزیراعظم عمران خان کے مبینہ طور پر ووٹ ضائع ہونے کے بعد وفاقی وزیر برائے موسمیات تبدیلی زرتاج گل کا مؤقف سامنے آگیا ہے۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل نے کہا کہ میں نے سینیٹ الیکشن میں درست طریقے سے ووٹ کاسٹ کیا تھا۔ میرا ووٹ خفیہ تھا، اس کے بارے میں افواہیں پھیلائی گئیں، الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے اور الزام لگانے والوں کو ڈی سیٹ کرے۔
خیال رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید نوید قمرالزماں شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے دوران وزیراعظم عمران خان کا اپنا ووٹ بھی مسترد ہوا۔
مقامی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر دفاع سید نوید قمرالزماں شاہ نے کہا تھا کہ شہر یار آفریدی اور زرتاج گل کے ووٹ بھی مسترد ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ سینیٹ الیکشن میں حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے شکست دے دی تھی جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے آج قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان کی کارروائی کا آغاز کیا جس کے بعد شاہ محمود قریشی نے اسپیکر کی اجازت سے وزیراعظم پر اعتماد کے حوالے سے قرارداد پیش کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایوان سے 178 ووٹ حاصل کیے جب کہ وزیراعظم منتخب ہونے پر انہیں 176 ووٹ ملے تھے اس طرح انہوں نے پہلے کے مقابلے میں 2 اضافی ووٹ لیے۔