مریم اورنگزیب کے ساتھ توہین آمیز سلوک قابل مذمت ہے، آصف زرداری

مریم اورنگزیب کے ساتھ توہین آمیز سلوک قابل مذمت ہے، آصف زرداری
کیپشن: مریم اورنگزیب کے ساتھ توہین آمیز سلوک قابل مذمت ہے، آصف زرداری
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں پر حملے کی مذمت کی ہے۔ سابق صدر آصف علی زردری نے مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو فون کر کے شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مصدق ملک اور مریم اورنگزیب پر حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب کے ساتھ توہین آمیز سلوک قابل مذمت ہے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاسی شکست سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔ سیاست میں عدم برداشت کا عنصر پیدا کیا اور لیگی رہنماؤں پر حملہ ان کی غیر جمہوری سوچ کا عکاس ہے۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ دینے کے لئے اجلاس کا بائیکاٹ اپوزیشن نے کر رکھا تھا اور ن لیگی رہنما پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کر رہے تھے۔ اس موقع پارلیمنٹ کے باہر ن لیگ کے رہنماؤں سے ہاتھا پائی کی۔ پی ٹی آئی کے کارکن نے احسن اقبال کو جوتا مار دیا اور ایک کارکن نے مصدق ملک کو تھپڑ مارا۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے مریم اورنگزیب کا دوپٹا کھینچ لیا

اس دوران تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد ریڈ زون میں گھس گئی۔ پی ٹی آئی کارکنان نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں وزیراعظم عمران خان کےحق میں اور (ن) لیگ کے رہنماؤں کے خلاف نعرے درج تھے۔پی ٹی آئی کارکنان نے اس دوران شدید نعرے بازی کی جس سے لیگی رہنماؤں کو میڈیا سے گفتگو میں شدید مشکلات کا سامنا رہا اور کان پڑی آواز سنائی نہیں دی۔