اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما و سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے پارلیمنٹ لاجز میں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول کا کہنا تھا کہ خوش نصیبی ہے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ہمارے پاس آئے اور پی ڈی ایم کی جانب سے یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج رابطہ کمیٹی کی میٹنگ میں ملاقاتوں کے متعلق حتمی نتیجے پر پہنچیں گے۔
اسلام آباد سے سینیٹ کی نشست سے کامیاب امیدوار یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ہمارا وفد صوبائی سطح پر ایم کیو ایم سے مل چکا ہے اور پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کے ساتھ ماضی میں کافی کام کیا ہے جب وزیراعظم تھا تو آئین میں ترامیم سے متعلق ایم کیو ایم نے کافی ساتھ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین اورقانون کیلئے ایم کیو ایم سے تعاون کی درخواست کی ہے اور ایم کیو ایم سے گزارش ہے کہ پی ڈی ایم کا ساتھ دیں اور ہم نے آئینی طریقے سے سینیٹ کا الیکشن لڑا ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے بعد ملک میں جشن نظر آرہا ہے، سینیٹ الیکشن میں ہمیں جو ووٹ پڑا وہ وزیراعظم کے خلاف اعتماد کا ووٹ تھا، 5 لاکھ ووٹوں والے نمائندگان کیلئے بکاؤ کا لفظ استعمال کرنا غلط ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے ہمیں ووٹ دیے جن کو پیسے کی ضرورت نہیں اور وزیراعظم اپنی ہی پارٹی کے ممبران پر شک کر رہے ہیں جبکہ وزیراعظم کو کسی نے کہا کہ اعتماد کا ووٹ لے لیں اور 6 مہینے کوئی نہیں چھیڑے گا۔