وزیراعظم کی حفیظ شیخ کو کام جاری رکھنے کی ہدایت

06:20 PM, 6 Mar, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی ملاقات ہوئی ہے اور وزیراعظم نے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے حفیظ شیخ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے میں حفیظ شیخ کا اہم کردار ہے۔

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد حفیظ شیخ نے عہدے سے استعفی نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حفیظ شیخ  اپنی ذمہ داریاں بطور وزیر خزانہ نبھاتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ سینیٹ الیکشن میں حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے شکست دے دی تھی جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا اعلان کیا تھا۔ 

وزیراعظم عمران خان نے آج قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان کی کارروائی کا آغاز کیا جس کے بعد شاہ محمود قریشی نے اسپیکر کی اجازت سے وزیراعظم پر اعتماد کے حوالے سے قرارداد پیش کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایوان سے 178 ووٹ حاصل کیے جب کہ وزیراعظم منتخب ہونے پر انہیں 176 ووٹ ملے تھے اس طرح انہوں نے پہلے کے مقابلے میں 2 اضافی ووٹ لیے۔

مزیدخبریں