لاہور: معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج ایک بار پھر اپوزیشن کے حصے میں تاریخی رسوائی آئی اور اصلی شیر ایوان میں آیا تو یہ کاغذی شیر اس کا مقابلہ کرنے وہاں نہ آ سکے جبکہ کھلاڑی کے ایک باؤنسر سے پوری پی ڈی ایم آؤٹ ہو چکی ہے اور جو گیدڑ شیر کی کھال پہن لے وہ کبھی اصلی شیر نہیں ہو سکتا اگر نواز شریف شیر ہیں تو پاکستان آئیں۔
انہوں نے ن لیگ کی نائب صدر کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا مریم نواز اداروں کو متنازعہ بنانے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں انہیں ابھی تک پارلیمنٹ کی سیڑھیاں نصیب نہ ہوئیں نہ ہوں گی اور بلاول یہ بھی بتائیں انکے والد نے 13 سال جیل کس کے دور میں کاٹی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان کی کارروائی کا آغاز کیا جس کے بعد شاہ محمود قریشی نے اسپیکر کی اجازت سے وزیراعظم پر اعتماد کے حوالے سے قرارداد پیش کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایوان سے 178 ووٹ حاصل کیے جب کہ وزیراعظم منتخب ہونے پر انہیں 176 ووٹ ملے تھے اس طرح انہوں نے پہلے کے مقابلے میں 2 اضافی ووٹ لیے۔