لاہور: علی حیدر گیلانی کی ویڈیو میں موجود پی ٹی آئی ایم این ایز جمیل احمد اور فہیم خان کی گفتگو سامنے آ گئی۔ اس گفتگو کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ ہم دونوں علی حیدر گیلانی کی ویڈیو میں موجود تھے لیکن ہم وزیراعظم عمران خان کے سپاہی ہیں اور اس معاملے پر پارٹی کا بیانیہ جلد آ جائے گا۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا یہ اسٹنگ آپریشن کس کے کہنے پر کیا تھا جس کے جواب میں ایم این اے جمیل نے کہا ہم نے ویڈیو کسی کے کہنے پر نہیں بنائی اور ہم الیکشن کمیشن کے سامنے آئیں گے ہمارا دامن صاف ہے۔
خیال رہے کہ سینیٹ انتخابات سے قبل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اسلام آباد سے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتانے کی ویڈیو منظرعام پر آئی تھی۔ ویڈیو میں علی حیدر گیلانی مبینہ طور پر ایک رکن کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے تھے جبکہ یہ واضح بھی نہیں ہو سکا تھا کہ ویڈیو میں موجود افراد کون ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن رکوانے کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کر لیا ہے ۔ تحریک انصاف کے فرخ حبیب، ملیکہ بخاری اور کنول شوزب نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی۔
درخواست میں صوبائی وزیر ناصر شاہ کی آڈیو ٹیپ کا بھی حوالہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ مریم نواز نے تقریر میں ٹکٹ دینے کے وعدے کا اعتراف کیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن مریم نواز کیخلاف بھی قانونی کارروائی کرے۔ ویڈیو سکینڈل پر کارروائی مکمل ہونے تک یوسف رضا گیلانی کا نوٹیفکیشن روکا جائے۔ پی ٹی آئی نے علی حیدر گیلانی کو نااہل کرنے کی بھی استدعا کی ہے ۔