شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد اشتہاری قرار

شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد اشتہاری قرار
کیپشن: شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد اشتہاری قرار
سورس: فائل فوٹو

لاہور: احتساب عدالت لاہور نے شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد کو اشتہاری قرار دے دیا۔

احتساب عدالت میں صاف پانی کمپنی ریفرنس میں پیش رفت کے دوران جج امجد نذیر چوہدری نے شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کو اشتہاری قرار دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر رابعہ عمران اور عمران علی یوسف کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔عدالتی حکم کے باجود پیش نہ ہونے پر عدالت نے شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کو اشتہاری قرار دیا ہے۔

نیب لاہور نے چیئرمین نیب کے حکم پر صاف پانی اسکینڈل کی انکوائری شروع کر رکھی تھی اور صاف پانی کمپنی انکوائری میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ان کے داماد علی عمران، سابق صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث اور سابق رکن صوبائی اسمبلی وحید گل نے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرایا تھا۔

واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے صاف پانی کمپنی ضمنی ریفرنس میں شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران علی یوسف کے وارنٹ گرفتاری کیے تھے۔

یاد رہے کہ نیب نے پنجاب میں شہباز شریف انتظامیہ کی جانب سے قائم کی گئیں 56 سرکاری کمپنیوں میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا گزشتہ سال نومبر میں آغاز کیا تھا۔

ان کمپنیوں پر بے ضابطگیوں، خریداری میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی، میرٹ کی خلاف ورزی، اقربا پروری اور وقت پر کئی منصوبے مکمل نہ کرنے کا الزام ہے۔