جو آج غیر حاضر ہوگا اس کے خلاف کارروائی ہوگی: وزیر اعظم کا ارکان اسمبلی کو خط

08:08 AM, 6 Mar, 2021

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے  پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کو خط لکھا ہے جس میں  ووٹنگ کے رولز سے آگاہ کیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس سے غیرحاضر رکن کے خلاف آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت ایکشن لیا جائےگا۔ ہدایت کی خلاف ورزی پر یہ اعلامیہ الیکشن کمیشن میں پیش کیا جاسکتا ہے۔

عمران خان نےبطورچیئرمین پی ٹی آئی یہ خط تحریر کیا ہے۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ 12 بجکر 15 منٹ کےبعداسمبلی ہال اور چیمبر کے دروازے بند  ہو جائیں گے۔ 12 بجکر 15 منٹ کے بعد کسی رکن کو اسمبلی  ہال میں آنےکی اجازت نہیں ہوگی۔

 

پارٹی کی ہدایت کے مطابق تمام ارکان کو اعتماد کے ووٹ کیلئے حاضری یقینی بنانا ہوگی۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ووٹنگ میں حصہ نہ لینے والے رکن کے خلاف نااہلی کی کارروائی شروع کی جاسکتی ہے۔ عدم حاضری کی صورت میں رکن کے خلاف نااہلی کی کارروائی شروع کی جائے گی۔ 

واضح رہے کہ وزیراعظم آج قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لے رہے ہیں ۔ اجلاس سوا بارہ شروع ہوگا ۔حکومت اور اتحادیوں کے پاس قومی اسمبلی میں 180 ووٹ ہیں جبکہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے پاس 160 ووٹ ہیں۔ پی ڈی ایم کی طرف سے آج کے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں