عفت عمر نے خلیل الرحمان کی فلم لندن نہیں جاﺅں گا چھوڑنے کا اعلان کردیا

12:43 PM, 6 Mar, 2020

کراچی : اداکارہ و ماڈل عفت عمر نے خلیل الرحمان قمر اور ماروی سرمد تنازع کے بعد فلم لندن نہیں جاﺅں گا چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

خلیل الرحمان قمراورسماجی کارکن ماروی سرمد کے درمیان نجی ٹی وی چینل کے شو میں میرا جسم میری مرضی جیسے نعرے پر شروع ہونے والی بحث سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔ جہاں سوشل میڈیا صارفین اس معاملے پر خلیل الرحمان قمر کی مکمل حمایت کرتے نظرآرہے ہیں وہیں شوبزسے وابستہ شخصیات نے خلیل الرحمان کی شو میں استعمال کی گئی زبان کی شدید مذمت کی۔

خلیل الرحمان قمرپرتنقید کرنے والوں میں اداکارہ عفت عمر بھی شامل ہیں، یہاں تک کہ انہوں نے گزشتہ روز خلیل الرحمان قمر کی لکھی گئی فلم لندن نہیں جاﺅں گا سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔

عفت عمر نے انسٹاگرام اکانٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ اس فلم کے ساتھ منسلک ہونے پر انہیں زندگی کا سب سے بڑا پچھتاوا ہورہا ہے۔

میں اس فلم سے لاتعلقی کا اعلان کرتی ہوں اورمیں اسے دیکھنے بھی نہیں جاﺅں گی۔ میں خود سے معافی مانگتی ہوں اورسخت شرمندہ ہوں کہ یہ فیصلہ میں نے پہلے کیوں نہیں لیا۔ لیکن آج سے میں اس شخص کا اور ان تمام لوگوں کا جو اس کے ساتھ کام کرتے ہیں بائیکاٹ کرتی ہوں۔

مزیدخبریں