پاکستانی عوام دو خاندانوں کی موروثی وسیاسی ماڈل سے بیزار ہیں،فردوس عاشق

12:36 PM, 6 Mar, 2020


اسلام آباد:وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام دو خاندانوں کی موروثی وسیاسی ماڈل سے بیزار ہیں ،  وزیر اعظم عمران خان عوام کے وہ مقبول رہنما ہے جنھوں نے حقیقی عوامی راج قائم کیا۔وزیراعظم  کل  کراچی پہنچ کر عوامی منصوبوں کا افتتاح کریں گے،کراچی کے مسائل کے تدارک کے لیے طے کردہ ترجیحات  کا جائزہ لیں گے۔

ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق اعوان نے جمعہ کے روز ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھاکہ شاہد خاقان  آپ کا یہ  بیان "ماضی کے ماڈل ملکی مسائل حل نہ کر سکے نئے راستے تلاش کرنے کی ضرورت ہے" اعتراف جرم ہے۔

تین دہائیوں سے قوم پر مسلط رہنے والے آج قوم کے سامنے اپنی ناکامیوں کو قبول رہے ہیں۔ پاکستان کے عوام  عمران خان کو وزیراعظم منتخب کرکے نیا راستہ تلاش کر چکے ہیں۔پاکستان کے عوام دو خاندانوں کی موروثی وسیاسی ماڈل سے بیزار ہیں۔ عوام کی دہائی ہے کہ اب یہ ان پر دوبارہ مسلط نہ ہوں۔

آج جمہوریت  کی باتیں کرنے والے اپنے دور میں آئینی ترمیم کرکے بادشاہ سلامت بننے کی کوشش کرتے رہے۔"کمپنی سیاست" میں تمام شیئرز خاندان ہی کے پاس رہتے ہیں۔ان کی جمہوریت یہ تھی کہ بڑا بھائی خود وزیراعظم، چھوٹا وزیراعلی،بھتیجا سب سے بڑے صوبے کا مختاراعلی اور صاحبزادی "سوپروزیراعظم" کا درجہ رکھتی تھیں۔

مزیدخبریں