کراچی: اٹلس ہونڈا لمیٹڈ نے اپنے مختلف ماڈلز کے موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں 3 مرتبہ اضافہ کر دیا اور 6 سو سے 2 ہزار روپے تک کے اس اضافے کا اطلاق یکم مارچ سے ہو گا۔
کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والی نئی قیمتوں میں سی ڈی 70 کی قیمت 69 ہزار 9 سو روپے سے بڑھ کر 70 ہزار 500 روپے۔ سی ڈی ڈریم کی قیمت 73 ہزار 9سو سے بڑھ کر 74 ہزار 5 سو۔ پرائڈر 100 سی سی کی قیمت 95 ہزار 9 سو سے بڑھ کر 96 ہزار 5 سو۔ سی جی 125 کی قیمت ایک لاکھ 15 ہزار 9 سو سے بڑھ کر ایک لاکھ 16 ہزار 5 سو جبکہ سی بی 150 ایف کی قیمت ایک لاکھ 89 ہزار 9 سو سے بڑھ کر ایک لاکھ 91 ہزار 9 سو کر دی گئی ہے۔
اسی طرح یاماہا موٹر پاکستان کی جانب سے بھی یکم مارچ سے اپنی موٹر سائیکلز کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے اور اب وائی بی 125 زی کی قیمت ایک لاکھ 23 ہزار 5 سو کے بجائے ایک لاکھ 27 ہزار 5 سو روپے ہو گئی ہے جبکہ وائی بی آر 125 جی جو پہلے ایک لاکھ 44 ہزار 5 سو کی تھی اب اس کی قیمت ایک لاکھ 49 ہزار 5سو روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ وائی بی آر 125 کی قیمت بھی ایک لاکھ 39 ہزار 5 سو سے بڑھ کر ایک لاکھ 44 ہزار 5 سو ہو گئی ہے۔