'لوگ مر رہے ہیں اور سندھ حکومت اپنی تعریفوں کے پل باندھ رہی ہے'

02:38 PM, 6 Mar, 2017

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار نے اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ان کے اسیر کارکنوں کی جبراً وفاداریاں تبدیل کی جا رہی ہیں۔ جیل میں قید کارکنوں کے اہلخانہ کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں جو سندھ حکومت کیلئے شرمناک ہے۔ جبر کے ساتھ لوگوں کے دل تبدیل نہیں کئے جا سکتے ہیں۔

انھوں نے سینٹرل جیل اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنے کی بھی دھمکی دے دی۔ خواجہ اظہار نے کہا کہ سندھ حکومت کے اقدامات سے لوگ نفرت کرنے لگے ہیں ان لوگوں نے کراچی اور سندھ کو اجاڑ دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا 80 لوگ جان سے چلے گئے وزیراعلیٰ اپنی تعریفیں کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت لاشوں کی سیاست کر رہی ہے۔ آج اسپیکر صاحب نے بھی حکومت کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے۔

سندھ حکومت نے آج آمرانہ قانون منظور کیا ہم بلدیاتی ایکٹ 2013 میں کی گئی ترمیم کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا اس قانون کو منظور نہ کیا جائے اس سلسلے میں گورنر سندھ کو بھی خط لکھیں گے اور عدالت میں بھی جائیں گے۔

خواجہ اظہار نے کہا جب اپنا مطلب ہوتا ہے تو 18ویں ترمیم کو لے کر خوب اچھلتے ہیں۔ اس موقع پر فیصل سبز واری کا کہنا تھا پتا نہیں نادر شاہ کو راتوں رات کہاں غائب کیا گیا۔ گرفتار کارکنوں پر جیل میں ظلم کسی صورت قبول نہیں۔ آج اسمبلی اجلاس میں بات کرنا چاہتے تھے لیکن کرنے نہیں دی گئی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں