اسرائیل: چرس کے ذاتی استعمال کے جرم کی سزا میں کمی کیلئے اقدامات

10:25 AM, 6 Mar, 2017

یروشلم: نشہ کسی قسم کا ہو وہ کسی بھی ریاست میں برائیوں کو جنم دیتا لیکن اسرائیل اس حوالے سے انوکھا اقدام کرنے جا رہا ہے۔ اسرائیلی حکومت کی کوشش ہے کہ چرس کے ذاتی استعمال کے جرم کی سزا جرمانے تک محدود ہو اور اس جرم کو بار بار دہرانے والوں کو ہی صرف سزا دی جائے۔ چرس کی خرید و فروخت اور اس کی تیاری ابھی بھی غیر قانونی ہو گی اور اس نئی پالیسی کو ابھی پارلیمان کی منظوری درکار ہے۔

اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل میں 9 فیصد شہری چرس استعمال کرتے ہیں تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔ اسرائیلی حکومت کی جانب سے یہ اقدام اس معاملے پر بنائی گئی ایک کمیٹی کی تجاویز کے بعد کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ چند یورپی ممالک اور کچھ امریکی ریاستوں میں چرس کے استعمال کو قانونی قرار دیا جا چکا ہے۔ اسرائیلی وزیرِ قانون کا کہنا ہے کہ اسرائیل دنیا بھر میں چرس کے استعمال کے حوالے سے ہونے والی تبدیلیوں کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں