قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج سے شروع ہوگا ، سات نکاتی ایجنڈا جاری

صدر مملکت نے قومی اسمبلی اور سینٹ کے علیحدہ علیحدہ سیشن طلب کر لیے

11:20 AM, 6 Jun, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی اور سینٹ کے علیحدہ علیحدہ سیشن طلب کر لیے۔قومی اسمبلی کے طلب کردہ سیشن میں آئندہ مالی سال کا بجٹ منظور کیا جائے گا۔

گزشتہ روز ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس آج 6 جون بروز جمعرات شام پانچ بجے طلب کیا ہے۔قومی اسمبلی کا موجودہ اجلاس 16 ویں قومی اسمبلی کا چھٹا اجلاس ہو گا۔ طلب کردہ سیشن میں آئندہ مالی سال کا بجٹ منظور کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکرایازصادق کی صدارت میں شام پانچ بجے ہوگا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری کئے گئے سات نکاتی ایجنڈا کے مطابق تلاوت کلام پاک، نعت اور قومی ترانہ سے اجلاس کا آغاز ہوگا۔

اسلام آباد میں اساتذہ کی کمی اورسکول سے باہر بچوں کی بڑھتی تعداد بارے توجہ دلاؤ نوٹس پربات ہوگی، سیڈ ترمیمی آرڈیننس میں 120دن کی توسیع کی قرارداد پیش کی جائے گی، صدر ملکت کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پرشکریہ کی قرارداد پر بحث بھی ایجنڈا میں شامل ہے۔

اس کے علاوہ غازی بروتھا ہائیڈرو پاورپراجیکٹ کے متاثرین کے مسائل بارے توجہ دلاؤ نوٹس بھی شامل ہے، اراکین کی طرف سے پوچھے گئے سوالات اوران کے جوابات پرمشتمل وقفہ سوالات بھی کاروائی کا حصہ ہوگا۔

مزید براں سینٹ کا اجلاس 7 جون بروز جمعہ صبح ساڑھے 10 بجے  ہوگا ۔

مزیدخبریں