راولپنڈی: پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں سے کہتا ہوں انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے۔
جیل حکام کے مطابق شاہ محمود قریشی کو عدالتی احکامات پر رہا کیا گیا۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کارکنوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے، آزمائش اور مشکل وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل تحریک انصاف کے چیئرمین سے ملاقات کروں گا جس کے بعد میڈیا سے مفصل بات کروں گا۔ ان کا کہنا تھاڈی سی راولپنڈی کے کہنے پر تھری ایم پی او کے تحت میری دوبارہ گرفتاری ہوئی، قید میں ہوتے ہوئے کیسے نقص امن کیلئے خطرہ بن سکتا ہوں۔
شاہ محمودقریشی نے وکلا اور تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے پی ٹی آئی کارکنان کو ہمت اور حوصلے سے کام لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا امید ضرور طلوع ہوگی۔پی ٹی آئی چیئرمین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے تفصیلی گفتگو کروں گا، جیل میں قید بے گناہ افراد کی رہائی کے لیے قانونی چارہ جوئی شروع کرکے انہیں باہر لانے کی کوشش کریں گے