اسلام آباد :بجٹ تجاویز کے لئے وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں اجلاس ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی آئی ٹی برآمدات بڑھانے کیلئے بڑا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ٹی شعبے میں نیا کاروبار شروع کرنے والوں کو خصوصی مراعات دینے کی اصولی منظوری دی ہے۔
جدید ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے ذریعے کاروبار اور تجارت کے فروغ پر خصوصی رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔آئی ٹی شعبے میں کاروبار شروع کرنے کیلئے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی پر مبنی اقدامات کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اجلاس میں نوجوانوں کو آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی میں ہنرمند بنانے کے پروگرام کی بھی منظوری دی گئی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی ٹریننگ آئی ٹی زونز بنانے کے فیصلے کی بھی منظوری دی ہے۔
وزیراعظم نے کہا حکومت نوجوانوں کی آئی ٹی شعبے کی پیشہ ورانہ تربیت پر خطیر رقم خرچ کرے گی، اس وقت ملک میں 45 ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی ہنر کی تربیت فراہم کی جارہی ہے۔وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے فکسڈ ٹیکس رجیم لانے کا بڑا فیصلہ کیا ہے، اس کیلئے انہوں نے کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔ انہوں نے فکسڈ ٹیکس رجیم کیلئے فوری سفارشات پیش کرنے کی ہدایت دی۔
حکومت آئندہ بجٹ میں ایک لاکھ نوجوانوں کو میرٹ پر لیپ ٹاپ فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے بیرون ملک آئی ٹی سیکٹر کے روڈ شوز منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ آئی ٹی شعبے کو آئندہ برس اپنی برآمدات کو 4.5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف دیا ہے ۔