سپریم کورٹ کےوکیل عبدالرزاق شرکوچیئرمین پی ٹی آئی نےقتل کرایا: عطا تارڑ

04:47 PM, 6 Jun, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شر کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے قتل کروایا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ہائیکورٹ میں ایک کیس چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف زیرسماعت تھا، پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف کل سنگین غداری کے کیس کی سماعت ہونی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس کیس نے اگلی کچھ تاریخوں میں منطقی انجام کو پہنچنا تھا۔ پی ٹی آئی سربراہ کومعلوم تھا کہ ان پرغداری  کامقدمہ بن سکتاہےاس لیے کیس کے وکیل اور درخواست گزار کو ٹارگٹ کلنگ کر کے شہید کر دیا گیا۔

 وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ یہ ٹارگٹ کلنگ کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے، کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو نامزد کیا جائے گا، قتل کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا، چیئرمین پی ٹی آئی اگر جیل میں ہوتے تو آج یہ واقعہ نہ ہوتا۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ اور دیگر کیسز میں سٹے دیا گیا، یہ 9 مئی کے واقعات پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن اب ہم انہیں سٹے آرڈر کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ میں ایئر پورٹ روڈ پر فائرنگ سے سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شر جاں بحق ہوگئے، وہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سنگین غداری کیس کے درخواست گزار تھے۔

مزیدخبریں