لاہور: لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے شاہ محمود قریشی کی تھری ایم پی او کے تحت نظر بندی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے شاہ محمود قریشی کی رہائی کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی اور ایم پی او کے تحت گرفتا نہ کیا جائے، جبکہ عدالت کی جانب سےہدایت کی گئی کہ شاہ محمود قریشی رہائی کے 3 روز میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کوبیان حلفی جمع کرائیں۔
ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جج جسٹس چودھری عبدالعزیز نے فیصلہ سناتے ہوئے ہدایت کی کہ شاہ محمود آئین وقانون کے مطابق پرامن سیاسی سرگرمیاں ، پرامن احتجاج کر سکیں گے جبکہ توڑپھوڑ،جلاؤ گھیراؤکے احتجاج سے دور رہیں گے۔
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتا کیا گیا تھا۔ 23 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے رہا کرنے کا حکم دیا گیا لیکن ان کو رہا کرنے کے فورا بعد پولیس کی جانب سے دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا۔