لاہور: سری لنکا،بنگلہ دیش اورافغانستان کے کرکٹ بورڈز نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو خط لکھ کر باضابطہ طور پر میزبان پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ذرائع کے مطابق سری لنکا،بنگلہ دیش اورافغانستان کے کرکٹ بورڈز نے بی سی سی آئی کے موقف کو برقرار رکھتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو خط لکھ کر باضابطہ طور پر میزبان پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کر دیا۔ جس کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہاتھ سے ایشیا کپ کی ہائبرڈ میزبانی بھی نکلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کے لئےچئیر مین پاکستان کرکٹ بورڈ منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے ہائبرڈ ماڈل پیش کیا تھا جس کے تحت پہلےمرحلے کےمیچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ اور فائنل سمیت بقیہ میچز کسی بھی نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔
سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کرنے کا انکشاف پاکستان کے سابق کپتان راشد لطیف نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک پوسٹ میں کیا۔ انہوں نے لکھا کہ "پاکستان کے علاوہ بھارت اور 3 ممالک نے ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کر دیا،یہ تمام ممالک لاجسٹکس اور مالیاتی مسائل کی وجہ سے ایشیا کپ ایک مقام پر منتقل کرنے کے لیے متفق ہو گئے، ہو سکتا ہے جلد ہی زوم میٹنگ ہو یا اس معاملے کو حتمی شکل دینے کے لیے کچھ دنوں میں دبئی میں جنرل میٹنگ ہو"۔
ذرائع کے مطابق سری لنکن کرکٹ کے عہدیدار نے کہا کہ اگر اے سی سی کی طرف سے الاٹ کیا جائے تو سری لنکا چیمپئن شپ کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ ستمبر 2023 میں ہونے والے ایشیا کپ کو اکتوبر سے نومبر 2023 میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے ایک اہم پیش خیمےکے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔