سرکاری اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کا کیس: شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

12:53 PM, 6 Jun, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سرکاری اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

 سرکاری اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج طاہر عباس سپرا نے کی جبکہ پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے وکیل مرتضیٰ طوری عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے شہباز گل کے وکیل سے سوال کیا کہ گل صاحب کب آ رہے ہیں؟ جس پر وکیل مرتضیٰ طوری نے جواب دیا کہ شہباز گل کی اہلیہ کی ابھی سرجری ہونی ہے اس لیے ابھی کنفرم نہیں کہ وہ کب آئیں گے۔

جج طاہر عباس سپرا کی جانب سے ریمارکس دیے گئے کہ ملزم کے پاس دو آپشنز ہیں؛ یا تو عدالت کے رو برو پیش ہو جائے تووارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے جائیں گے، یا پھر ملزم کی جانب سے آرڈر کو چیلنج کر دیا جائے۔

   

بعد ازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شہباز گل کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 26 جون تک سماعت ملتوی کردی۔

مزیدخبریں