جدہ :نبی ﷺ کی شان میں گستاخی کے بعد جہاں اس وقت عالم اسلا م میں شدید غصہ ہے وہیں اب او آئی سی نے بھارت کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے اقوام متحدہ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہندوستان میں مذہب اسلام اور مسلمانوں کو نشانہ بنانے والے طریقوں سے نمٹنے کیلئے ضروری اقدامات کرے تاکہ آئندہ بھارت میں کوئی بھی کسی بھی مذہب کیخلاف توہین آمیز رویہ اختیار نہ کرے ۔
تفصیلات کے مطابق 57 اسلامی ممالک کی نمائندہ تنظیم نے بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ او آئی سی مسلم دنیا کی اجتماعی آواز ہے ،آج جس طرح بھارت میں مذہب اسلام اور مسلمانوں کیخلاف ہتک آمیز رویہ اختیار کیا جا رہا ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے اس لیے مسلمانوں کی نمائندہ اسلامی تنظیم اقوام متحدہ سے مطالبہ کر تی ہے کہ وہ ہندوستان میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے والے طریقوں سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔
او آئی سی نے کہا کہ یہ رویہ ہندوستان میں اسلام سے نفرت اور بدسلوکی میں اضافے کے تناظر میں اور مسلمانوں کے خلاف منظم طریقوں اور ان پر پابندیوں کے تناظر میں ہے، خاص طور پر تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کے فیصلوں کی ایک سیریز کی روشنی میں اسے دیکھا جاسکتا ہے۔ ہندوستانی ریاستوں اور مسلمانوں کی املاک کی مسماری، ان کے خلاف تشدد میں اضافے کے علاوہ یہ عمل ناقابل قبول ہے۔