اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ قومی سٹریٹجک پروگرام پر بے بنیاد اور غیر ضروری تبصرے سے ہر صورت گریز کیا جائے، پاکستان کی نیوکلیئر صلاحیت مادر وطن کے دفاع اور سالمیت کی ضامن ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے تحت علاقائی عوامل اور سیکیورٹی پر سیمینارمنعقد کیا گیا جس سے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی اور ڈپٹی نیشنل کمانڈ اتھارٹی جنرل ندیم رضا نے خطاب کیا۔
جنرل ندیم رضا نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نیوکلیئر صلاحیت مادر وطن کے دفاع اور سالمیت کی ضامن ہے، نیوکلیئر پروگرام کو عوام اور تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے، سول اور ملٹری قیادت اسٹریٹجک پروگرام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی سیکیورٹی ناقابل تقسیم ہے اور پاکستان ایک ذمہ دار اور پراعتماد نیوکلیئر ملک ہے جو اپنے نیوکلیئر پروگرام پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان کی پالیسی فل سپیکٹرم ڈیٹرنس ہے جو کہ قابل اعتماد ایٹمی توازن کے دائرہ کار میں ہے، ہمارا قومی سیکیورٹی اور سیفٹی میکنزم ہر قسم کے خطرے کے خلاف بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق ہے۔
جنرل ندیم رضا نے کہا کہ قومی سٹریٹجک پروگرام پر بے بنیاد اور غیر ضروری تبصرے سے ہر صورت گریز کیا جائے، صرف نیشنل کمانڈ اتھارٹی ہی سٹریٹجک پروگرام پر ریسپانس اور تبصرہ دینے کی مجاز ہے۔